بحث وتحقیق

تفصیلات

یمن کے ممتاز عالم ربانی اور داعی مجاہد شیخ عبد المجید زندانی رح کا سفر آخرت

یمن کے ممتاز عالم ربانی اور داعی مجاہد شیخ عبد المجید زندانی رح کا سفر آخرت

 

یہ خبر پڑھ کر دل کافی رنجیدہ ہوا کہ یمن کے ایک ربانی عالم شیخ عبد المجید زندانی رح  کل بروز پیر بتاریخ تیرہ شوال چودہ سو پینتالیس ہجری مطابق بائیس اپریل دو ہزار چوبیس کو استنبول ترکی کے ایک اسپتال میں بیاسی سال  کی عمر میں انتقال فرما گئے  ،

 شیخ عبدالمجید زندانی رحمۃ اللہ علیہ ایک جنوری 1942 کو صوبہ اب کے ضلع الشعر کے الذہبی گاؤں میں پیدا ہوئے تھے، ان کا خاندان صوبے صنعاء کے ضلع ارحب کے زندان علاقے سے تھا اس لیے آپ کو زندانی  کہا جاتا تھا،

 

شیخ عبدالمجید زندانی رحمۃ اللہ علیہ نے اعلی تعلیم کے حصول کے لیے مصر کا سفر فرمایا،اور جامعہ عین شمس مصر میں داخلہ لیا، مگر جلد  ہی اسے چھوڑ دیا اور علمائے ازہر سے خصوصی طور پر علم حاصل کیا،

پھر وطن آئے اور پھر چند سالوں کے  بعد 1978 میں آپ سعودی عرب ائے اور وہاں کے کبار علماء سے علم حاصل کیا،

 

یمن لوٹنے کے بعد یمنی صدر عبداللہ السلال نے یمن کی پہلی جمہوری حکومت کا نائب مرکزی وزیر ارشاد اعلام  آپ کو بنایا  ،

1975 میں آپ عبدالرحمن اریانی کے زمانے میں نائب وزیر تعلیم بنائے گئے،

سعودیہ میں قیام کے زمانے میں شیخ عبدالمجید زندانی رحمۃ اللہ علیہ  نے سعودیہ کے متعدد جامعات میں پڑھایا اور لیکچر دیے،

آپ نے وہاں کے علماء کے ساتھ مل کر الهيئة  العالمیة للإعجاز العلمي في القرآن و السنة کی بنیاد ڈالی،

1980 کی دہائی میں آپ نے افغانستان کے جہاد میں بھی حصہ لیا ،  اور یمنی نوجوانوں کو سوویتی کمیونسٹوں کے خلاف جہاد کی دعوت دی ،

1991 میں آپ نے سیاست میں حصہ لیا اور  یمن کی اسلامی پارٹی "التجمع الیمنی للاصلاح "کی بنیاد گذاروں میں  شامل ہوئے,اور کئی بار  آپ نے اس پارٹی کی کانفرنسوں کی صدارت فرمائی،

11 اکتوبر 1993 کو آپ یمنی پارلیمنٹ کے ممبر منتخب ہوئے اور یمنی حکومت کی طرف سے قائم پانچ رکنی" مجلس الرئاسة اليمني الجديد في البلاد " کی جب تشکیل ہوئی تو آپ اپنی پارٹی کی طرف سے اس مجلس کے رکن منتخب ہوئے، بقیہ چار ارکان میں خود صدر جمہوریہ یمن علی عبداللہ صالح  ، نائب صدر جمہوریہ یمن علی سالم بیض ، عوامی کانگریس پارٹی کے جنرل سیکریٹری عبدالعزیز عبدالغنی ، اور یمن کی کمیونسٹ پارٹی کے نائب سیکرٹری سالم صالح اس مجلس کے ارکان۔ تھے،

1993 میں ہی شیخ عبدالمجید زندانی رح نے  یمن کے مشہور اسلامی جامعہ جامعۃ الایمان کی بنیاد ڈالی ، جہاں مکمل اسلامی اخلاق و آداب کے ساتھ تعلیم ہوتی تھی، اور جہاں  بچوں سے نماز تہجد  کا بھی اہتمام کرایا جاتا تھا،

جامعۃ الایمان میں ملکی اور غیر ملکی تقریبا چار ہزار طلبہ پڑھتے تھے اس جامعہ میں شادی شدہ اور غیر ملکی طلباء کے لیے فیملی کے ساتھ رہنے کا بھی انتظام تھا ،

ستمبر 2014 میں ایران کے حمایت یافتہ شیعہ حوثیوں نے جامعۃ الایمان کو پوری طرح اپنے قبضے میں لے لیا ، فی الحال دس سالوں سے وہاں تعلیمی سلسلہ منقطع ہے،

شیخ عبدالمجید زندانی رح یمن سے سعودیہ چلے گئے اور پھر  سعودیہ میں تقریبا پانچ سالوں تک قیام کے بعد  نومبر دو ہزار بیس میں ترکی چلے گئے تھے،

یمن میں تعلیم کو عام کرنے اور یمن کے مسلمانوں میں دینی شعور بیدار کرنے میں شیخ عبدالمجید زندانی رح کا بہت اہم رول ہے، آپ تمام عالمی اسلامی تحریکات، الاخوان المسلمون، تبلیغی جماعت اور جماعت اسلامی وغیرہ کو پسند فرماتے تھے اور ان کی بعض باتوں سے اختلاف رکھنے کے باوجود ان کی مفید باتوں کو اپناتے بھی تھے،

 

 شیخ عبدالمجید زندانی رح کی کتابیں اور مقالات

شیخ عبدالمجید زندانی رح نے مندرجہ ذیل کتابیں لکھی ہیں

1-كتاب توحيد الخالق - مكتبة المثنى - بغداد - 1990.

2-علم الإيمان

3-طريق الإيمان

4-نحو الإيمان

5-التوحيد

6-البينة العلمية في القرآن الكريم

 

شیخ عبدالمجید زندانی رح نے مندرجہ ذیل مقالے لکھے ہیں

1-أَوْ كَظُلُمَاتٍ فِي بَحْرٍ لُجِّيٍّ يَغْشَاهُ مَوْجٌ

2-الأقمار الصناعية تشهد بنبوة محمد

 

شیخ عبد المجید زندانی کے تین شاگرد شیخ صادق المنزلی، شیخ عبدالغنی النھاری اور شیخ عبد الوہاب التویتی ہمارے جامعہ،جامعہ اسلامیہ شانتا پرم کیرالا میں چند سالوں تک استاذ رہ چکے ہیں، اور وہ تینوں میرے بہت اچھے دوستوں میں سے ہیں،

 شیخ عبدالغنی النھاری اور شیخ عبد الوہاب التویتی نے مسلم یونیورسٹی علی گڑھ سے پی ایچ ڈی بھی کی ہے،

 

دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالی شیخ عبدالمجید زندانی رح کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے، ان کے خاندان کے افراد اور ان کے متعلقین و متوسلین کو صبر جمیل عطا فرمائے، اور ان کی ظالم و باطل طاقتوں سے حفاظت فرمائے، اور امت مسلمہ خاص طور سے مسلمانان یمن کو ان کا نعم البدل عطا فرمائے، آمین ثم آمین.

 

تحریر : مظاہر حسین عماد القاسمی

 

23/4/2024


: ٹیگز



بحث وتحقیق

تازه ترين ٹویٹس

تازہ ترین پوسٹس

اتحاد کی شاخیں